ویانا مذاکرات میں تاخیر پر روس کی نکتہ چینی
عالمی اداروں میں روس کے مستقل مندوب نے پابندیوں کے خاتمے کیلئے کسی بھی تاخیر کے بغیر ویانا مذاکرات کو دوبارہ شروع کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ینگ جرنلسٹ کلب کی رپورٹ کے مطابق ویانا میں عالمی اداروں میں روس کے مستقل مندوب میخائل اولیانوف نے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پابندیوں کے خاتمے کیلئے ویانا مذاکرات مزید تاخیر کے بجائے جلد از جلد دوبارہ شروع کئے جائیں۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد کے ساتھ ہونے والی مشترکہ پریس کانفرنس میں ایران کے خلاف عائد پابندیوں کے فوری خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماسکو، معاہدے کیلئے نئے مسودے کے حق میں ہے۔
روس کے وزیر خارجہ کا یہ بیان ایسے میں سامنے آیا ہے کہ جب یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بورل نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کرنے والے ممالک نے یورپی یونین کی تجویز کا خیر مقدم کیا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امریکہ کے جواب کا انتظار ہے۔