Aug ۲۶, ۲۰۲۲ ۱۰:۱۴ Asia/Tehran
  • یوکرین: ریلوے اسٹیشن پر حملے میں 25 سے 200 افراد کے ہلاک ہونے کی متضاد خبریں

یوکرین کی حکومت کا کہنا ہے کہ ریلوے اسٹیشن پر حملے میں 25 افراد ہلاک ہو‏ئے جبکہ ماسکو کا کہنا ہے کہ حملے میں یوکرین کے 200 فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

روس کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ہم نے ایک ایسی ٹرین کو نشانہ بنایا جو جنگ زدہ علاقے میں فوجیوں کو پہنچا رہی تھی۔ اس حملے میں یوکرین کے 200 فوجی ہلاک ہوئے جبکہ فوجی ساز و سامان کو تباہ کیا گیا۔ 

روس کی وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ روس نے فضائی حملے میں اسکندر میزائل  استعمال کیا جس میں فوجیوں کو لے جا رہی ایک ٹرین کو دنیپروپتروفسک علاقے میں نشانہ بنایا گیا۔ 

اس سے قبل جمعرات کی صبح یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے 20 افراد کے ہلاک ہونے جبکہ شام کے وقت یوکرین کے سرکاری ذرائع نے 25 افراد کے ہلاک ہونے کی خبر دی تھی۔

روس کا یہ حملہ امریکا اور برطانیہ  کی جانب سے روس یوکرین جنگ میں کی ایف کے لئے نئی  فوجی امداد کے اعلان کے صرف ایک روز بعد ہوا ہے۔  امریکہ  نے یوکرین کیلئے تین ارب ڈالر کی نئی فوجی امداد کا اعلان کیا۔ کی ایف کے یوم آزادی کے موقع پر امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے اعلان کردہ تین ارب ڈالر کی فوجی امداد کا  پیکج اب تک کا سب سے بڑا امریکی پیکج ہے۔ 

امریکہ اب تک یوکرین کو مجموعی طور پر تیرہ ارب پانچ کروڑ ڈالر سے زائد کی فوجی امداد فراہم کر چکا ہے۔ 

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بھی  یوکرین کے یوم آزادی کے موقع پر کیف میں صدر ولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات  میں  فوجی امداد کا اعلان کیا ۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے دفتر نے ایک بیان میں بتایا ہے  کہ یوکرین کے لئے  پانچ  کروڑ چالیس  لاکھ پاؤنڈ کے نئے امدادی  پیکیج میں  دوسو  ڈرون طیارے اور دیگر جنگی سازوسامان شامل ہوں گے۔ 

ٹیگس