Sep ۱۹, ۲۰۲۲ ۰۹:۵۵ Asia/Tehran
  • اگر چین نے تائیوان پر حملہ کیا تو تائیوان کا دفاع کریں گے: امریکی صدر

امریکی صدرجوبائیڈن نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر چین نے تائیوان پر حملہ کیا تو وہ اس کا دفاع کریں گے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک گفتگو کے دوران پوچھے گئے سوال کے جواب میں دعویٰ کیا کہ اگر چین نے تائیوان پر حملہ کیا تو ہم اس کا دفاع کریں گے۔

امریکی ٹی وی سے نشر ہونے والے امریکی صدر کے انٹرویو میں صحافی نے بائیڈن سے سوال کیا کہ اگر چین نے  تائیوان پر حملہ کیا تو کیا امریکی افواج تائیوان کا دفاع کریں گی،  تو اس کے جواب میں بائیڈن نے کہا: ہاں ، اگر یہ بہت بڑا حملہ ہوا تو دفاع کریں گے۔

بائیڈن نے اس انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ وہ متحدہ چین کی پالیسی پر زور ضرور دیتے ہیں تاہم تائیوان کو اپنی آزادی کا خود فیصلہ کرنا چاہیے، ہم انہیں آزادی کے لئے نہیں اکسا رہے اور ہمارا اس میں کوئی کردار نہیں ہے بلکہ یہ خود ان کا فیصلہ ہے۔

یار رہے کہ چین اور امریکا کے درمیان تعلقات اس وقت کشیدہ ہوگئے تھے جب نینسی پلوسی نے چین کی سخت مخالفت کے باوجود اگست میں تائیوان کا دورہ کیا تھا۔ امریکہ اور تائیوان کے درمیان کوئی دفاعی معاہدہ موجود نہیں ہے اس کے باوجود امریکہ اسلحے بھیج کراس جزیرہ کی مدد کر رہا ہے۔ امریکی سینٹ میں خارجہ تعلقات کمیٹی نے گذشتہ بدھ  کو تائیوان کے لئے 4.5 بلین ڈالر فوجی امداد کا اعلان کیا ہے اور اسے غیرنیٹو اتحادی کا درجہ دیا تھا۔

 

ٹیگس