Oct ۲۸, ۲۰۲۲ ۱۴:۱۴ Asia/Tehran
  • امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان خراب ہوتے تعلقات: پینٹاگان نے شمالی کوریا کو دھمکی دے دی
    امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان خراب ہوتے تعلقات: پینٹاگان نے شمالی کوریا کو دھمکی دے دی

امریکی صدر جوبائیڈن کی حکومت نے بنائی جانے والی نئی فوجی اسٹریٹیجی کے تحت شمالی کوریا کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال سے اس کی حکومت کا خاتمہ ہو جائے گا۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ دفاع نے جوبائیڈن حکومت کے دوران نئی دفاعی پالیسی کی دستاویزات جاری کی ہیں جن کے مطابق چین، روس، ایران ،شمالی کوریا کے علاوہ دیگر چیلنجوں سے نمٹنے کےلئے امریکی اقدامات کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق نئی دستاویزات میں شمالی کوریا کو کھلم کھلا دھمکی دی گئی ہے۔

امریکی وزارت دفاع کی نئی پالیسی میں شمالی کوریا کے بارے میں کہا گیا ہے کہ امریکہ شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی، کیمیائی، میزائل اور روایتی صلاحیت سے لاحق خطرات کو مدنظر رکھ رہا ہے اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کو بتانے کی ضرورت ہے کہ ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کی صورت میں اسے بہت خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

نئی دستاویزات کے مطابق شمالی کوریا کا امریکہ، اس کے اتحادیوں پر ایٹمی حملہ نا قابل قبول ہے اور اس کا مطلب ییونگ یانگ کے موجودہ نظام کا خاتمہ ہوگا۔ کوئی بھی ایسا سناریو نہیں ہے جس میں اگر کم جونگ ان ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کے بعد بھی اقتدار میں باقی رہ پائے۔

امریکہ نے شمالی کوریا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس نے مشرقی ایشیاء میں سریع اسٹریٹجک حملے کئے تو اسے امریکی ایٹمی ہتھیاروں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس کے علاوہ اگر شمالی کوریا نے کسی ملک یا غیر ریاستی گروہ کو ایٹمی توانائی، مواد یا ٹیکنالوجی فراہم کی تو اسے امریکی ردعمل کو بھگتنا پڑے گا۔

ٹیگس