ہندوستانی وزیر اعظم اور روسی صدر کی گفتگو
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے ہونے والی گفتگو میں یوکرین اور روس کے درمیان تنازعہ کا واحد راستہ بات چیت اور سفارت کاری کو قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/دنیا: ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئی نے وزیر اعظم ہاؤس کے حوالے سے بتایا کہ ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے ساتھ ساتھ سمرقند میں اپنی ملاقات کے بعد توانائی کے شعبے میں تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری، دفاعی اور سیکیورٹی تعاون اور دیگر اہم شعبوں کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تعلقات کے متعدد پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
ہندوستانی وزیر اعظم نے یوکرین میں جاری تنازعہ کے تناظر میں بات چیت اور سفارت کاری کے اپنے مطالبے کو دہرایا اور کہا کہ تنازعات کو حل کرنے کا یہی واحد راستہ ہے۔
روسی سفارت خانے کے مطابق، ولادیمیر پوتن نے بھی نریندر مودی کی درخواست پر یوکرین روس جنگ کے بارے میں اپنے جائزے اور خیالات کا اشتراک کیا اور اس گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
نریندر مودی نے اسی طرح جی ٹوئنٹی کی ہندوستانی صدارت کے دور میں اپنی اہم ترجیحات پر روشنی ڈالی۔