امریکی وزیر کی روس سے اپیل؛ یوکرین جنگ روک دو!
امریکی وزیر خارجہ نے اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ اپنی مختصر گفتگو کے دوران یوکرین جنگ کو روکنے کی اپیل کی ہے۔
سحر نیوز/دنیا: نئی دہلی میں روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے جی ٹوئنٹی اجلاس کی سائیڈ لائن پر گفتگو کی۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے روس سے یوکرین جنگ روکنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک یوکرین کا دفاع کرنا پڑا، کریں گے۔
10 منٹ کی گفتگو میں انٹونی بلنکن نے روس سے مطالبہ کیا کہ وہ نیو اسٹارٹ معاہدہ معطل کرنے پر نظرثانی کرے اور ساتھ ہی وہ اپنے یہاں قید امریکی شہری کو رہائی دے۔ امریکی وزیر خارجہ نے اپنے روسی ہم منصب سے گفتگو کے بعد کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ مستقبل قریب میں روس کے موقف میں کوئی تبدیلی آئے گی۔
دوسری جانب امریکی درخواست پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ امریکہ اور یورپ کی جانب سے یوکرین کو ہتھیار فراہم کرنے کی وجہ سے جنگ کے شعلے بھڑکے ہیں جو امریکہ اور یورپ کی غلط پالیسی کا نتیجہ ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے اس حوالے سے بتایا کہ بلینکن لاوروف سے ملاقات کے خواہاں تھے، مگر انکی ملاقات نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی مذاکرات ہوئے، بس چلتے ہوئے کچھ دیر دونوں نے گفتگو کی۔
واضح رہے کہ امریکی اور روسی وزرائے خارجہ کی ملاقات یوکرین جنگ کے آغاز سے قبل جنوری 2022 میں ہوئی تھی۔