Nov ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۸:۵۲ Asia/Tehran
  • غزہ کے لئے امداد رسانی کا عمل پھر رک گیا

عالمی خوراک پروگرام، ڈبلیو ایف پی، نے غزہ کے لئے دوبارہ امداد رسانی کا عمل رک جانے کی خبر دی ہے اور اس علاقے میں بھوک مری کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہارکیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: غزہ کے لئے اقوام متحدہ کی امداد کی ترسیل جمعہ کو ایندھن کم ہونے اور رابطہ منقطع ہونے کی بنا پر ایک بار پھر روک دی گئی ہے اور اس صورت حال نے اسرائيلی حملوں کے جاری رہنے کے ساتھ ساتھ غزہ کے باشندوں کے مصائب و آلام میں اضافہ کردیا ہے-

عالمی خوراک پروگرام یا ورلڈ فوڈ پروگرام، ڈبلیو ایف پی، نے اس صورت حال کی تصدیق کرتے ہوئے غزہ میں موجود عام شہریوں کے درمیان بھوک مری میں اضافے کی خبر دی ہے- ڈبلیو ایف پی کی ايگزکٹیو ڈائریکٹر سنڈی میک کین Cindy McCain  نے اسی تعلق سے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ کی پوری آبادی کو اس وقت فوری غذائی امداد کی ضرورت ہے۔ میک کین نے مزید کہا کہ عملی طور پر غزہ میں پانی اور کھانے کا کوئی سامان موجود نہیں ہے اور صرف کچھ غذائی اشیاء سرحدی راستوں سے غزہ میں داخل ہو رہی ہیں جو نہ ہونے کے برابر ہیں اور غزہ کے عوام کے لئے ناکافی ہیں۔

 

ٹیگس