اقوام متحدہ: غزہ میں جو کچھ ہورہا ہے اس کے نتائج پورے خطے کی سلامتی کےلئے تباہ کن ہوں گے
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل گوترش نے غزہ کے بارے میں سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ غزہ کے تعلق سے ہم شیرازہ بکھرجانے کے مرحلے میں پہنچ گئے۔
سحرنیوز/دنیا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل گوترش نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ غزہ میں انسان دوستانہ حمایت کا سسٹم مکمل طور پر ختم ہوجانے کا خدشہ ہے جس کے نتائج بہت ناگوار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ غزہ کے عوام تک امداد رسانی کا پابند ہے اور میں نے آرٹیکل ننانوے کے حوالے سے سلامتی کونسل کو اس لئے خط لکھا ہے کہ ہم شیرازہ بکھرنے کے مرحلے میں پہنچ گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ مجھے اس بات کی تشویش ہے کہ غزہ میں جو کچھ ہورہا ہے اس کے نتائج پورے خطے کی سلامتی کے لئے تباہ کن ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں اقوام متحدہ کے کارکنوں کے لئے خطرات اس حدتک بڑھ گئے ہیں کہ اس سے پہلے اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ سیکریٹری جنرل نے بتایا کہ غزہ میں اقوام متحدہ کے 130 کارکن مارے جاچکے ہیں اور ان میں سے اکثر اپنے لواحقین کے ہمرا ہ قتل کئے گئے ہیں۔ یہ اقوام متحدہ کی تاریخ میں اس ادارے کا اب تک کا سب سے بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سلامتی کونسل سے غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسان دوستانہ امداد رسانی کا مطالبہ کرتے ہیں۔