Jan ۰۶, ۲۰۲۴ ۱۱:۵۴ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ: رفح شہر میں فلسطینی پناہ گزینوں کی تعداد دس لاکھ ہوگئی

اقوام متحدہ نےاعلان کیا ہےکہ غزہ پر جارح صیہونی حکومت کے حملوں کے آغاز سے اب تک جو پناہ گزیں رفح شہر میں داخل ہوئے ہيں ان کی تعداد تقریبا دس لاکھ ہوگئی ہے-

سحرنیوز/دنیا: اقوام متحدہ نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ خان یونس اور دیرالبلح پر صیہونی حکومت کے حملوں میں شدت آنے اور ان علاقوں کو خالی کرنے کے احکامات جاری کئے جانے کے بعد، جنوبی غزہ میں صوبۂ رفح، اس وقت پناہ گزينوں کےلئے اہم پناہ گاہ میں تبدیل ہوگيا ہے اور دس لاکھ سے زائد فلسطینی صرف اسی علاقے میں پناہ لئے ہوئے ہيں۔
فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی آنروا نے کہا ہے کہ غزہ کے پناہ گزینوں کی تعداد انیس لاکھ یا اس علاقے کی کل آبادی کا پچاسی فیصد ہے اور کچھ لوگ متعدد مواقع پر بےگھر ہوئے ہیں اور کچھ خانوادے بھی بار بار نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تقریبا چودہ لاکھ پناہ گزيں غزہ کے پانچ صوبوں میں، آنراوا کے ایک سو پچپن مراکز میں مقیم ہیں۔
آنروا کے کمشنر جنرل فیلیپ لازارینی کے مطابق غزہ کے باشندوں کو انسانی امداد کی کمی کی وجہ سے اجتماعی سزا کا سامنا ہے۔ لازارینی نے مزید کہا کہ غزہ نے گزشتہ تین مہینوں میں ایک وحشیانہ جنگ دیکھی ہے کہ جو بڑے پیمانے پر لوگوں کے بے گھر ہونے، انسانی ہلاکتوں اور تباہی کا سبب بنی ہے۔

ٹیگس