اسرائیلی فوجیوں کے لئے غزہ قبرستان بن گیا
صیہونی حکومت کی ایک ویب سائٹ کی رپورٹ ہے کہ جنگ غزہ کے 100 دنوں کے دوران 4 ہزار اسرائیلی فوجی معذور ہو چکے ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: اسرائیلی ذرائع نے غزہ جنگ کے دوران صیہونی حکومت کے زخمی اور معذور فوجیوں کی بڑی تعداد کے حوالے سے تشویش میں اضافے کی اطلاع دی ہے۔
فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق آپریشن طوفان الاقصیٰ نے اسرائیل کو ایک ایسی جنگ میں پہنچا دیا ہے جو ہلاکتوں اور زخمیوں کے لحاظ سے بے مثال ہے۔
صیہونی ویب سائٹ واللا نے اپنی رپورٹ میں غزہ کی جنگ کے دوران صیہونی حکومت کے فوجیوں کی معذوری کی بڑی تعداد پر روشنی ڈالی۔
واللا ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سے 100 دنوں میں کم از کم 4000 اسرائیلی فوجی زخموں کی وجہ سے معذور ہو چکے ہیں اور اندازوں کے مطابق یہ تعداد 30 ہزار تک بڑھ سکتی ہے۔
واللا ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج عوام کے حوصلے پست ہونے کے خوف سے جنگ کے زخمیوں کے بارے میں تمام تفصیلات اور اعداد و شمار کا اعلان نہیں کرتی۔