Jan ۲۲, ۲۰۲۴ ۰۹:۳۱ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل: غزہ میں اقوام متحدہ کے 150 سے زائد کارکن اب تک جاں بحق

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش نے کہا کہ سات اکتوبر سے اب تک غزہ میں اسرائیلی حکومت کے حملوں میں اس ادارے کے ایک سو پچاس سے زائد اہلکار جاں بحق ہوئے ہیں۔

سحرنیوز/ دنیا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش نے یوگینڈا کے دارالحکومت کمپالا میں ناوابستہ تحریک کے انیسویں سربراہی اجلاس میں کہا کہ غزہ پٹی پر اسرائیلی حکومت کے حملوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور اس میں جتنے بڑے پیمانے پر عام شہریوں کی شہادت ہوئی ہے اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ سات اکتوبر سے اب تک غزہ پٹی میں اسرائیلی حکومت کے حملوں میں اقوام متحدہ کے ایک سو پچاس سے زائد اہلکار جاں بحق ہوگئے ہیں۔
انتونیو گوترش نے غزہ پٹی میں بڑھتی ہوئی بیماریوں، بھوک و افلاس اور عوام کی ابتر صورت حال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں فلسطین کے عوام صرف بموں اور گولیوں سے ہی نہیں بلکہ خوراک کی کمی، پینے کے پانی اور بجلی کی عدم فراہمی اور اسپتالوں میں دواؤں کی قلت کی وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو رہے ہيں۔
گوترش نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ وہ انسان دوستانہ وجوہات کی بنیاد پر فوری جنگ بندی اور غیر مشروط طور پر قیدیوں کی رہائی کے مطالبے سے پیچھے نہيں ہٹیں گے کہا کہ غزہ میں جنگ فورا بند ہونی چاہیے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ سب ہی کو خودمختار فلسطینی مملکت کی تشکیل کے حق اور مطالبے کو تسلیم کرنا چاہیے ۔

ٹیگس