Jan ۲۳, ۲۰۲۴ ۱۳:۲۲ Asia/Tehran
  • امریکہ: فائرنگ کے دل دہلا دینے والے تین واقعات، 8 افراد کا قتل

امریکہ کے شہر شکاگو کے مضافات میں ایک مسلح شخص نے 8 افراد کو گولی مار کر ہلاک کردیا اور اس کے بعد اس نے خود کو بھی گولی مار لی۔

سحر نیوز/ دنیا: میڈیا رپورٹوں کے مطابق امریکہ کے شہر شکاگوکے مضافات میں گزشتہ دو دن (اتوار اور پیر) کے دوران فائرنگ کے تین الگ الگ واقعات ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دل دہلا دینے والے تشدد کے ان واقعات میں 8 افراد کو قتل کردیا گیا۔ مقتولین کی لاشیں الگ الگ مقامات پر پائی گئیں۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد میں سے ایک کی لاش اتوار کو ول کاؤنٹی میں واقع ایک گھر سے ملی۔ باقی 7 افراد کی لاشیں جولیٹ میں واقع دو گھروں سے برآمد ہوئیں۔ جولیٹ ول کاؤنٹی پولیس کے مطابق وہ اس سلسلے میں تحقیقات کر رہی ہے۔

تفتیش کاروں نے کہا ہے کہ وہ قتل کے محرکات کے بارے میں نہیں جانتے لیکن مشتبہ قاتل مقتولین کو جانتا تھا۔ جولیٹ پولیس چیف ولیم ایونز نے کہا کہ "میں 29 سال سے پولیس میں ہوں اور یہ شاید بدترین جرم کا منظر ہے جو میں نے دیکھا ہے۔"

دریں اثنا شکاگو کے مضافاتی علاقے میں آٹھ افراد کو قتل کرنے والے مشتبہ قاتل نے ٹیکساس میں سیکورٹی افسران کے ساتھ تصادم کے بعد خود کو گولی مار لی۔ جولیٹ میں پولیس نے بتایا کہ 23 سالہ رومیو نینس امریکی مارشلز کو نٹالیہ کے نزدیک ملا تھا لیکن اس 23 سالہ نوجوان نے تصادم کے بعد اپنی جان لے لی۔

حکام نے کہا کہ وہ یہ بھی مانتے ہیں کہ جولیٹ میں اتوار کو ایک شخص کو زخمی کرنے والی ایک اور فائرنگ کا تعلق تشدد کے اسی سلسلے سے ہے۔

 

ٹیگس