Feb ۲۳, ۲۰۲۴ ۱۵:۳۶ Asia/Tehran
  • امریکہ نے روس کے 5 سو سے زائد اداروں اور شخصیات پر پابندیاں عائد کردیں

امریکی وزارت خزانہ نے روس کے مزید پانچ سو سے زیادہ اداروں اور شخصیات پر پابندیاں عائد کردی ہیں ۔

سحر نیوز/ دنیا: امریکی وزارت خزانہ نے جمعے کی صبح روس کے پانچ سو سے زیادہ اداروں اور شخصیات پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے دعوی کیا کہ پابندیوں میں روس، اس کے حامیوں اور اس کی جنگی مشینریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

امریکی وزارت خزانہ کے ترجمان نے فرانس نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یہ پابندیاں روس، اس کے حامیوں اور اس کی جنگی مشینری پر لگائی گئی ہيں۔

درایں اثنا ایک سینیئر امریکی سفارتکار نے کہا ہے کہ واشنگٹن ، یوکرین جنگ کو دوسال پورے ہونے اور روسی اپوزیشن لیڈر آلکسی ناوالنی کی موت کے بعد روس پر سیکڑوں اور پابندیاں عائد کرے گا۔

روئٹر کی رپورٹ کے مطابق نائب امریکی وزیرخارجہ وکٹوریا نولاند نے کہا ہے کہ بعض پابندیاں ناوالنی کی موت کے ذمہ داروں اور بعض، پوتین کی جنگی مشینری پر لگائی گئی ہيں۔

روسی حکومت کے سیاسی مخالف ناوالنی کہ جو یامالو نینتس کے علاقے ميں واقع جیل ميں سزا کاٹ رہے تھے ، گذشتہ ہفتے جمعے کو اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

ریانووستی نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی تھی کہ انھوں نے واک کے بعد کمزوری محسوس کی اور اچانک بیہوش ہوگئے ۔

نولاند نے مزید کہا کہ پابندیاں ان ممالک اور بینکوں پر بھی نافذ کی گئی ہیں جو روس کے خلاف عائد پابندیوں سے بچ نکلنے میں روس کی مدد کررہے ہيں ۔

 

ٹیگس