امریکہ: رہائشی کمپلیکس پر فائرنگ سے 7 افراد ہلاک اور زخمی
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک رہائشی کمپلیکس پر فائرنگ کے واقعے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔
سحر نیوز/ دنیا: روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں واقع شہر کنگ سٹی کی ایک رہائشی عمارت پر فائرنگ کے واقعے میں چار افراد ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے- شہر کنگ سٹی کی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ تین نامعلوم افراد ایک گاڑی سے باہر نکلے اور ایک رہائشی عمارت کی کھلی فضا میں چہل قدمی کر رہے کچھ لوگوں پر فائرنگ کردی- روئٹرز نے اس واقعے کی مزيد تفصیلات نہیں بتائی ہیں-
مسلح تشدد آرکائیو جی وی اے نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ سن 2023 میں، امریکہ میں بیالیس ہزار سے زیادہ افراد سرد اور آتشیں ہتھیاروں سے مارے گئے ہيں ۔
ان اعداد و شمار سے اس امر کی غمازی ہوتی ہے کہ امریکہ میں روزانہ تقریبا ایک سو اٹھارہ افراد مسلح تشدد میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہيں۔ اسی طرح پینتیس ہزار سات سو سینتیس افراد فائرنگ کے ان واقعات میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب امریکی فیڈرل پولیس ایف بی آئی نے ایک رپورٹ میں اس ملک کے اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں مجرمانہ واقعات میں اضافے کی خبر دی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق امریکہ میں جرائم اور تشدد کے ہر دس واقعات میں سے ایک ، اسکولوں یا یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے۔