Apr ۱۱, ۲۰۲۴ ۱۶:۳۱ Asia/Tehran
  • غزہ جنگ مغربی ایشیا اور دنیا کے لئے خطرے اور عدم استحکام کا باعث

اسپین کے وزیراعظم نے خبردار کیا ہےکہ غزہ جنگ کے خلاف صیہونی حکومت کا غیر مناسب ردعمل، مغربی ایشیا اور دنیا کے لئے خطرہ اور عدم استحکام کا باعث بنا ہے، جبکہ روس نے غزہ میں جنگ بندی سے متعلق سلامتی کونسل کی قرار داد پر فوری عمل درآمد پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: فرانس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسپین کے وزیراعظم پدرو سانچز نے غزہ کے خلاف جنگ میں صیہونی حکومت کے غیرمناسب رویّے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہےکہ فلسطین کو ایک مستقل اور خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرنا، کہ جس کے خلاف مدتوں سے صیہونی حکومت اور اس کے اتحادی مزاحمت کر رہے ہیں، یورپ کے جیوپولیٹیکل مفادات کے حق میں ہے۔

اسپین کے وزیراعظم سانچز نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل کا ایک انتہائی غیر مناسب ردعمل انسانی قوانین کی خلاف ورزی کرنا ہے کہ جسے وہ کئی دہائیوں سے کرتا آرہا ہے اور اس کے اس اقدام نے مغربی ایشیا اور پوری دنیا کے استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

اسپین کے وزیراعظم نے گزشتہ ہفتے اردن، سعودی عرب اور قطر کے دورے کے دوران آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا معاملہ بھی اٹھایا اور صحافیوں کو بتایا کہ اسپین جون کے آخرتک فلسطین کو ایک ملک کے طور پر تسلیم کر لے گا۔

سانچز نے اسپین کے قانون سازوں سے کہا ہے کہ عالمی برادری کا فلسطین کے وجود کو باضابطہ طور پر تسلیم نہ کرنا ، ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام میں کوئی مدد نہیں کرے گا۔

کہا جا رہا ہے کہ غزہ جنگ کے سلسلےمیں اسپین کے وزیراعظم کی سخت تنقید، صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی کا باعث بنی ہے۔

دوسری جانب آئرلینڈ کے وزیر خارجہ نے بھی ایک بیان میں فلسطین کی آزاد ریاست کی تشکیل کے مسئلے کو التواء میں ڈالنے کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ آئرلینڈ کے وزیر خارجہ مائیکل مارٹن نے ایک آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے حوالے سے اپنی باضابطہ تجویز کو ڈبلن میں پیش کیے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈبلن کی طرف سے آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے میں کوئی شک نہيں ہونا چاہئے۔

اس دوران روس نے غزہ میں جنگ بندی سے متعلق سلامتی کونسل کی قرار داد پر فوری عمل درآمد پر زور دیا ہے۔

اناطولیہ نیوز ایجنسی کے مطابق روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے بدھ کے روز کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد منجملہ ، قرارداد ستائیس اٹھائیس کہ جو غزہ میں فوری جنگ بندی کے لئے پچیس مارچ کو منظور کی گئی تھی، تمام رکن ملکوں کو اس پرعملدرآمد کا پابند بناتی ہے۔ زاخارووا نے شام کے دارالحکومت میں ایرانی سفارت خانے کے قونصلر سیکشن پر اسرائیل کے حالیہ فضائی حملے کا ذکر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی پر بین الاقوامی عدالتی اداروں سمیت مزید سخت سزائیں دی جا سکتی ہیں۔

ٹیگس