Apr ۲۰, ۲۰۲۴ ۱۶:۲۹ Asia/Tehran
  • ایران کے حوالے سے امریکہ نے اپنے آپ کو کلین چٹ دے دی

امریکی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ، ایران کے خلاف کسی بھی حملے میں شامل نہیں رہا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلینکن نے ایران میں صیہونی حکومت کے حملے کے دعوے کے بارے میں، سامنے آنے والی خبروں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دعوی کیا کہ امریکہ ایران کے خلاف کسی بھی اقدام میں شامل نہیں رہا ہے۔

امریکی وزیرخارجہ نے ایک بار پھر صیہونی حکومت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسرائیل پر ایران کے حملے کی مذمت کرتے ہيں اور اس کے ساتھ ہی فریقین سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ کشیدگی کم کریں۔

امریکی وزيرخارجہ کے یہ بیانات جمعے کی صبح، مرکزی ایران کے آسمان میں کچھ مائیکرو ڈرون یا کواڈ کاپٹر دیکھے جانے پر کہ جنہیں اسلامی جمہوریہ ایران کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے فورا تباہ کردیا ، ردعمل کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

انٹونی بلینکن نے ابھی حال ہی میں امریکی یہودیوں کے ایک اجتماع میں تاکید کی تھی کہ ایران کے ساتھ کشیدگی امریکہ اور صیہونی حکومت کے مفاد میں نہيں ہے۔

دوسری جانب امریکی ٹی وی چینل، سی این این کا کہنا ہے کہ سیٹ لائٹ تصویروں سے پتہ چلتا ہے کہ ایران کے جس ایئربیس پر صیہونی حکومت کے حملے کا دعوی کیا جا رہا ہے وہ مکمل طور پر صحیح و سالم نظر آرہا ہے۔

سی این این نے امبر اسپیس کمپنی سے حاصل کردہ جو سیٹ لائٹ تصاویر اور ویڈیو حاصل کئے گئے ہیں ان سے ایسا نظر نہيں آتا کہ اس ایئر بیس کو کوئی نقصان پہنچا ہے کہ جس پر اسرائیل کے فوجی حملے کا دعوی کیا جا رہا ہے۔

ان تصاویرمیں کوئی بڑا گڑھا یا تباہ شدہ عمارت نظر نہيں آرہی ہے۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق ایس اے آر تصاویر، سیٹ لائٹ تصاویر کی طرح معمولی نہيں ہوتیں بلکہ ایسی، سیٹ لائٹ سے حاصل کی جاتی ہیں جن کے ریڈار کی شعائيں بادلوں کو عبور کرکے تصاویر ارسال کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

 

ٹیگس