امریکہ، مظاہروں میں شدت، 900 سے زائد طلباء گرفتار
امریکہ میں گزشتہ 10 دنوں کے دوران 900 سے زائد طلباء کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: گزشتہ دس دنوں میں امریکی پولیس نے ملک کے 900 سے زائد طلباء کو فلسطین کی حمایت اور غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف احتجاج کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت کے لیے امریکہ کی بڑی یونیورسٹیوں میں طلبہ کے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور امریکی میڈیا نے ان مظاہروں کے دوران ہونے والی گرفتاریوں کے اعداد و شمار پیش کیے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ نے پیر کی صبح خبر دی ہے کہ امریکی پولیس نے گزشتہ دس دنوں میں ملک کے 900 سے زائد طلباء کو فلسطین کی حمایت اور غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف احتجاج کرنے پر گرفتار کیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق، یہ گرفتاریاں حالیہ برسوں میں طلباء کے مظاہروں کے خلاف امریکی پولیس کی طرف سے سب سے بڑا ردعمل ہے، جس سے بہت سے ممکنہ مسائل کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
حالیہ دنوں میں امریکہ کی مشہور یونیورسٹیوں کے کیمپس، غزہ پٹی کے خلاف صیہونی حکومت کی جنگ میں بے شمار عام شہریوں کی شہادتوں اور تل ابیب کے لیے امریکی امداد پر غم و غصے کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے لیے نئے امریکی امدادی پیکج کی منظوری کے بعد ہی ان مظاہروں میں شدت آگئی ہے ۔