May ۰۴, ۲۰۲۴ ۱۷:۰۷ Asia/Tehran
  • یوکرین اورغزہ کی جنگ کے حوالے سے مغرب نے دوہرے معیار کی پالیسی اپنائی ہے: جوزف بورل

یورپی یونین کے خارجہ امور کے سیکریٹری جوزف بورل نے کہا ہے کہ سات اکتوبر دوہزار تئیس کے آپریشن (الاقصی طوفان) کے خلاف صیہونی حکومت کے غیر متناسب ردعمل نے مغربی ایشیائی خطے میں تشدد کے بدترین دور کو جنم دیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: ارنا نیوز کے مطابق؛ برطانیہ کے دورے پر گئے یورپی یونین کے خارجہ امور کے سیکریٹری جوزف بورل نے، آکسفورڈ یونیورسٹی کے طلباء سے اپنے خطاب میں کہا کہ غزہ میں سات ماہ سے جو کچھ ہو رہا ہے وہ بہت وحشتناک ہے۔

جوزف بورل نے صیہونی حکومت کے خلاف فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک کی کارروائیوں کے خلاف مغرب کے معاندانہ موقف کو دہراتے ہوئے بقول انکے کہا کہ ایک ہولناک واقعہ یعنی طوفان الاقصیٰ آپریشن، دوسرے خوفناک واقعے یعنی غزہ میں صیہونی جرائم کا جواز نہیں بن سکتا۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے یوکرین اور غزہ کی جنگ کے حوالے سے مغرب کے دوہرے معیار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے یوکرین کی حمایت میں ہمارا فوری اور فیصلہ کن ردعمل دیکھا، لیکن وہ فلسطین کے حوالے سے ہمارے رویے پر شکوک و شبہات کا شکار ہیں ۔ ان کا خیال ہے کہ یوکرین کے شہریوں کی قدر ومنزلت غزہ کے لوگوں سے مختلف ہے کہ جہاں چونتیس ہزار سے زیادہ شہری مارے جا چکے ہیں اور فلسطینی بچے بھوک سے اپنی جان دے رہے ہیں۔

ٹیگس