Jun ۰۹, ۲۰۲۴ ۱۶:۵۹ Asia/Tehran
  • بکے ہوئے بائيڈن کو باہر نکالا جائے: امریکی مظاہرین کا مطالبہ

ہزاروں امریکیوں نے غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے فوجی حملوں اور امریکہ کی جانب سے اس نسل کش حکومت کی حمایت کے خلاف وائٹ ہاؤس کے سامنے مظاہرہ کیا۔

سحر نیوز/ دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہزاروں امریکیوں نے ایسی حالت میں وائٹ ہاؤس کے سامنے فلسطین کی حمایت اور بائيڈن حکومت کی جانب سے غاصب و قاتل صیہونی حکومت کی حمایت کی مخالفت میں احتجاجی مظاہرہ کیا کہ وہ اپنے ہاتھوں میں لال رنگ کے بڑے بڑے کپڑے و جھنڈے لہرا رہے تھے۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں لال رنگ کے کپڑے بائيڈن کے اس بیان کے خلاف احتجاج کی علامت تھے جس میں انھوں نے دعوی کیا تھا کہ رفح پر صیہونی حکومت کے حالیہ حملوں میں امریکہ کی ریڈ لائن کی مخالفت نہيں کی گئی ہے ۔

مظاہرین نے وائٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا اور مظلوم فلسطینی عوام کے حق میں نعرے لگائے ۔ امریکی مظاہرین نعرے لگا رہے تھے کہ بکے ہوئے بائيڈن کو باہر نکالا جائے۔

مظاہرین کے ہاتھوں میں فلسطین کا پرچم اور ایسے بینر تھے جس میں غزہ میں ہونے والی نسل کشی کی مذمت کی گئی تھی اور لکھا ہوا تھا کہ بائيڈن کے ہاتھ خون سے رنگین ہيں اور فلسطین کو آزاد کرو۔

مظاہرین نے وائٹ ہاؤس کے جنوب میں واقع باون ہیکٹر کے رقبے پر بنے ہوئے الیپس پارک میں خیمے بھی لگا رکھے ہيں اس رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی مخالفت میں ہونے والے اس مظاہرے اور دھرنے میں شرکت کے لئے بہت سے مظاہرین نیویارک ، فیلاڈلفیا اور بوسٹن سے بھی آئے ہوئے تھے۔

اطلاعات کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو منتشرکرنے کے لئے ان پر مرچ کے اسپرے کا بھی استعمال کیا۔

غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کی نسل کشی شروع ہونے کے بعد سے ہی امریکہ اس جارح و غاصب حکومت کو ہتھیار اور فنڈ فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک بنا ہوا ہے۔

ٹیگس