Jul ۲۷, ۲۰۲۴ ۰۹:۰۷ Asia/Tehran
  • جوبائیڈن کا منصوبہ غزہ جنگ بندی میں رکاوٹ؛ روس

اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے نے غزہ المیے کے سلسلے میں امریکی صدر جوبایڈن کے پیش کردہ امن منصوبے کو غزہ میں فوری جنگ بندی کی راہ میں رکاوٹ قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: العالم نیوز کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں روس کے نمائندے اور سلامتی کونسل کے موجودہ صدر واسیلے نبنزیا نے کہا کہ کاغذ پر، نام نہاد "بائیڈن پلان" کہ جس کے سلسلے میں ہم نے قرارداد ستائیس پینتیس کی ووٹنگ کے دوران خبردار بھی کیا تھا، ایک طرح سے وہ رکاوٹ بن گیا ہے جو اسرائیل اور امریکہ کو سلامتی کونسل کے اراکین کی طرف سے غزہ کے سلسلے میں ایک نیا مسئلہ اٹھانے کی ہر کوشش اور فوری و غیر مشروط جنگ بندی کی درخواست کی روک تھام کرتا ہے۔
نبنزیا نے مزید کہا کہ غزہ پٹی میں انسانی صورتحال بدستور تباہ کن ہے اور اس علاقے میں کوئی محفوظ جگہ نہیں ہے اور اسرائیلی حکام انسانی امداد کو وہاں پہنچنے سے روکتے ہیں۔ روسی نمائندے نے مزید کہا کہ اب تک غزہ پٹی کے مکینوں پر پچاس ہزار سے زائد بم گرائے جا چکے ہیں اور ان کے مکانات اور شہری انفراسٹرکچر تباہ ہو چکے ہیں، غزہ کی پٹی میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ اس خطے کی پوری آبادی کو تباہ کرنے کے مقصد سے اجتماعی سزا ہے۔ نبنزیا نے خبردار کیا کہ اس تنازعے کا دائرہ لبنان اور شام تک پھیل سکتا ہے۔

ٹیگس