یوکرین کےلئے دورمار کروز میزائل فراہم کئے جانے پر واشنگٹن کو ماسکو کا انتباہ
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ایک بیان میں یوکرین کو ممکنہ طور پر دور مار کروز میزائل فراہم کئے جانے پر امریکہ کو سخت خبردار کیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے روس میں اہداف کو نشانہ بنانے کے لئے جے اے ایس ایس ایم قسم کے دورمار کروز میزائلوں کی فراہمی کے بارے میں واشنگٹن کی رضامندی حاصل کرنے کے لئے یوکرینی صدر زیلنسکی کی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے ایسا اقدام ان کے لئے باعث حیرت نہیں ہوگا چونکہ امریکی حکام نے اس سے قبل بھی اپنی ہی مقرر کردہ لائنوں کو عبور کیا ہے۔
روس کے وزیر خارجہ لاوروف نے امریکیوں کے احساس برتری کی طرف اشارہ اور کہا کہ یہ احساس برتری اسٹریٹیجک امن و سلامتی کی بنیادوں کے کمزور پڑنے کا باعث بنا ہے۔
روس یوکرین جنگ کے دوران روس نے بارہا امریکا اور مغربی ملکوں پر الزام عائد کیا ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادی ممالک یوکرین کو بھاری ہتھیار فراہم کرکے جنگ کے خاتمے کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہيں روس نے ساتھ ہی یورپی یونین اور نیٹو پر روس یوکرین جنگ میں منفی کردار ادا کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے مغربی ممالک پچھلے دنوں روسی علاقے میں یوکرین کے حملے میں ملوث رہے ہیں۔