نیٹو یوکرین کےلئے طویل عرصے تک اپنی حمایت جاری رکھے گا، نیٹو کے سکریٹری جنرل کا بیان
نیٹو کے سکریٹری جنرل نے ایک بار پھر کہا ہے کہ معاہدہ شمالی اقیانوس نیٹو یوکرین کے لئے طویل عرصے تک اپنی حمایت جاری رکھے گا۔
سحرنیوز/دنیا: نیٹو کے سکریٹری جنرل ینس اسٹولٹنبرگ نے کہا ہے کہ یوکرین کے لئے نیٹو کی فوجی امداد جاری رکھے جانے کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ تاس نیوز ایجنسی کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق نیٹو کے سکریٹری جنرل ینس اسٹولٹنبرگ نے اسلو میں ایک اخبار سے گفتگو میں کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کےلئے اگر نیٹو کے تمام رکن ملکوں کی مدد و حمایت جاری رکھے جانے کے بارے میں بات کی جائے تو کچھ بھی کہنا اور کرنا قابل ضمانت نہیں ہے، البتہ ذاتی طور پر وہ یہی سمجھتے ہیں کہ یوکرین کے لئے نیٹو کی حمایت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ یکم اکتوبر کو اپنا دفتر چھوڑ دیں گے۔ ان کے بقول یوکرین کی کامیابی یورپ کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاری جنگ کے نتیجے کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ اور وہ بس یہی کہنا چاہیں گے کہ جنگ کے نتیجے کا بہت کچھ دارومدار یوکرین کے لئے مغربی ملکوں کی فوجی و اقتصادی حمایت جاری رہنے پر ہے۔
نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ایٹمی ہتھیاروں کے بارے میں معاہدے کی مدت پوری ہونے کی صورت میں نیا سمجھوتہ طے کئے جانے کی ضرورت ہے اور اس معاہدے پر نہ صرف امریکہ و روس بلکہ چین کی جانب سے بھی دستخط کئے جانے کی ضرورت ہے۔ اس سے پہلے روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے نیٹو کے وزرائے خارجہ کے روس مخالف اقدامات اور بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیٹو کے رکن ملکوں کے وزرائے خارجہ کو یوکرین کے مستعفی ہونے والے وزیر خارجہ سے سبق سیکھنا چاہئے اور مستعفی ہوجانا چاہیے۔ روس کے دفتر خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے سوئیڈن کے وزیر خارجہ کے مستعفی ہونے کے بارے میں کہا ہے کہ نیٹو کے رکن ملکوں کے وزرائے خارجہ کو چاہئے کہ یوکرین کے وزیر خارجہ کی مانند مستعفی ہوجائیں۔
یہاں اس بات کا ذکر بھی ضروری ہے کہ یوکرین میں کولمبا کے استعفے کے بعد اندرہ سبیھا کو ملک کا نیا وزیرخارجہ مقرر کردیا گیا ہے۔