پاکستان اور ہندوستان کے دبئی میں کھیلے جانے والے میچ کے ٹکٹس کی ریکارڈ فروخت
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے تحت پاکستان اور ہندوستان کے دبئی میں کھیلے جانے والے میچ کے ٹکٹس کی ریکارڈ فروخت ہوئی ہے۔
سحرنیوز/دنیا: غیرملکی میڈیا کے مطابق سیاست اور کھیل کی دنیا کے روایتی حریف پاکستان اور ہندوستان کا میچ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں تیئیس فروری کو ہونا طے پایا ہے جس کو قریب سے دیکھنے کے لئے شائقین نے اپنی غیر معمولی دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹکٹس ابھی سے خرید لئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دبئی میں تمام میچز کے فروخت ہونے والے ٹکٹس کی مالیت اٹھاسی اعشاریہ پانچ پانچ ملین درہم بتائی جا رہی ہے جن میں سے صرف ہندوستان و پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے ٹکٹس پینتالیس اعشاریہ چھے ملین درہم میں فروخت ہوئے۔ اس میچ کے لئے ٹکٹس کی قیمت پانچ سو درہم سے ساڑھے بارہ ہزار درہم تک رکھی گئی تھی۔ دبئی اسٹیڈیم میں پچیس ہزار شائقین بیٹھ کر کرکٹ کا مزہ لے سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ آئی سی سی کی چیمپیئنز ٹرافی سیریز کا آغاز انیس فروری سے ہو رہا ہے جس میں آسٹریلیا، افغانستان، انگلینڈ، بنگلہ دیش، پاکستان، ساؤتھ افریقہ، نیوزیلینڈ اور ہندوستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔