کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ ہم تہران اور واشنگٹن کے بالواسطہ مذاکرات جاری رکھنے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
سحرنیوز/دنیا: ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کے پہلے راونڈ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں دیمتری پیسکوف نے کہا کہ ہم باہمی مفادات اور باہمی احترام کے اصولوں پر مبنی مذاکرات جاری رکھنے کے حق میں ہیں۔ دیمتری پیسکوف نے کہا کہ ہم سجمتھے ہیں کہ ایران کے ایٹمی پروگرام اور ایٹمی معاہدے سے متعلق تمام امور کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جانا چاہیے۔
کریملن کے ترجمان نے تاکید کی کہ روس ایرانی جوہری مسئلے کے پرامن حل کو اپنی ترجیحات میں سمجھتا ہے اور مذاکراتی عمل کو مکمل طور پر آسان بنانے کے لیے ہرممکن کوشش کرنے کے لیے تیار ہے۔ پیسکوف نے روس ، ایران اور چین کے درمیان مختلف مسائل سے متعلق گفتگو کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ روس، ایران اور چین کے درمیان مختلف مسائل پر بات چیت تینوں ممالک کے مفادات اور خطے میں استحکام اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لحاظ سے بہت اہمیت رکھتی ہے۔