شہباز شریف نے اعتراف کیا کہ میں نے لاکھوں جانیں بچائیں، امریکی صدر ٹرمپ کا نیا دعویٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والی حالیہ لڑائی کے بارے میں تازہ بات چیت میں کہا ہے کہ "وزیرِ اعظم شہباز شریف نے انہیں فون کر کے بتایا کہ انہوں نے ’لاکھوں جانیں بچائیں"
سحرنیوز/دنیا: واشنگٹن سے میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو امریکہ سعودی سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ اس جھگڑے کو ختم کرنے میں ’350 فی صد ٹیرف‘ کی دھمکی کارگر ثابت ہوئی۔" ان کا کہنا تھا کہ "میں تنازعات کو حل کرنے میں اچھا ہوں اور ہمیشہ رہا ہوں، میں نے اس حوالے سے برسوں میں بہت اچھا کام کیا ہے۔"
انہوں نے کہا کہ "ہندوستان اور پاکستان ایٹمی ہتھیاروں کے ساتھ جنگ کرنے والے تھے، میں نے کہا ٹھیک ہے، آپ لڑ سکتے ہیں لیکن میں دونوں ممالک پر 350 فی صد ٹیرف لگا رہا ہوں، امریکہ کے ساتھ مزید کوئی تجارت نہیں ہوگی۔"
انہوں نے ہندوستانی اور پاکستانی ردِعمل کی نقل اتارتے ہوئے کہا کہ "وہ بولے، نہیں، نہیں، آپ ایسا نہیں کر سکتے۔"
انہوں نے دوبارہ کہا کہ اس تنازعہ کو ختم کرنے میں 350 فی صد ٹیرف کی دھمکی ہی کارگر رہی۔
ٹرمپ نے کہا کہ "کوئی اور صدر ایسا نہ کرتا، جو بائیڈن تو یہ بھی نہیں جانتے کہ ہم کن ممالک کی بات کر رہے ہیں، انہیں کوئی اندازہ نہیں ہوگا۔"
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ انہیں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کا فون آیا، اور ان کے درمیان گفتگو اس طرح ہوئی کہ مودی نے کہا کہ "ہم جنگ نہیں کرنے جا رہے۔" ٹرمپ کے مطابق انہوں نے جواب دیا کہ "بہت شکریہ، آئیے، ایک معاہدہ کرتے ہیں۔"