ایسٹونیا میں نیٹو کے جنگی طیاروں کی فوجی مشقوں کا آغاز
نیٹو کے جنگی طیاروں کی فوجی مشقیں ایسٹونیا کی فضائی حدود میں شروع ہو گئي ہیں۔
سحرنیوز/دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق شمالی بحر اوقیانوس معاہدے کی تنظیم (نیٹو) کے رکن ممالک کے جنگی طیارے 23 سے 29 نومبر 2026 تک ایسٹونیا کی فضاؤں میں تربیتی پروازیں کریں گے، جن میں سے بعض پروازیں کم بلندی پر اور بعض سپرسونک رفتار سے ہوں گی۔
تاس خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق نیٹو کے رکن ممالک کی فضائیہ کے جنگی طیارے 23 سے 29 نومبر 2026 تک ایسٹونیا کی فضاؤں میں تربیتی پروازوں کا ایک سلسلہ انجام دیں گے۔ یہ پروازیں مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے سے رات 10 بجے تک جاری رہیں گی اور ان میں سے بعض پروازیں کم بلندی پر (زمین سے 152 میٹر سے زیادہ بلندی پر) انجام دی جائیں گی۔
ان مشقوں کے دوران مقررہ اونچائی پر سپرسونک رفتار سے بھی پروازیں کی جائیں گی جن کے لیے ایسٹونیا کے محکمۂ ٹرانسپورٹ اور شہری ہوابازی کے ادارے کے ساتھ رابطہ اور ہم آہنگی کی جائے گی۔
بالٹک خطے کے ان ممالک کی فضائی حدود کی نگرانی، جن کے پاس یہ ذمہ داری انجام دینے کے لیے اپنی آزاد فضائیہ موجود نہیں، ان کے نیٹو اتحادیوں کے ذمے ہے۔ 2004 سے اس اتحاد کے رکن ممالک کے جنگی طیارے باری باری لتھوینیا کے زوکنیائی فضائی اڈے پر تعینات ہوتے رہے ہیں اور 2014 سے اس مشن کا ایک اور حصہ ایسٹونیا کے آماری فضائی اڈے پر بھی تعینات ہے۔
یہ مشقیں ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب یوکرین کی جنگ، سرحدی سلامتی اور خطے میں فوجی سرگرمیوں کے معاملے پر روس اور بالٹک خطے کے ممالک اور نیٹو کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel