جی 20 کا سربراہی اجلاس نئی دہلی میں شروع، عالمی رہنماؤں سے ہندوستانی وزیر اعظم کا خطاب
نئی دہلی میں جی بیس کا سربراہی اجلاس آج شروع ہوگيا جس کی سربراہی ہندوستان کررہا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: جی 20 کے سربراہی اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے سبھی مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔
نئي دہلی کے پرگتی میدان میں نوتعمیر بھارت منڈپم میں ہندوستان کی صدارت میں انیس ممالک، یورپی یونین، افریقی یونین، نو خصوصی مہمان ممالک، تین علاقائی اور گیارہ بین الاقوامی تنظیموں کے رہنما حصہ لے رہے ہيں۔
ہندوستانی وزیراعظم نے اپنے افتتاحی خطاب میں مراکش میں آنے والے زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے گھروالوں اور مراکش کی حکومت سے تعزیت کا اظہار کیا۔ جی بیس کے اجلاس میں شریک عالمی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستانی وزیراعظم نے کہاکہ اکیسویں صدی کا یہ وقت پوری دنیا کو نئی سمت دینے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ کے بعد دنیا میں ایک بڑا بحران عدم اعتماد کا پیدا ہوا اور جنگ نے عدم اعتماد کے اس بحران کو مزید گہرا کردیا۔ ہندوستانی وزیراعظم نے کہا کہ جب ہم کووڈ کو شکست دے سکتے ہيں تو عدم اعتماد کے بحران پر بھی قابو پاسکتے ہيں۔
ہندوستانی وزیراعظم نے افریقی یونین کے صدر کو جی 20 کے مستقل رکن کے طور پر اپنی نشست سنبھالنے کی دعوت دی۔
روس یوکرین جنگ کے پیش نظر جی ٹوئنٹی میں کوئي مشترکہ بیان جاری ہونا مشکل نظر آرہا ہے اور یہ ہندوستان کے لئے ایک چیلنج کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔