ہندوستان کی کانگریس پارٹی بھی فلسطین کی حمایت میں آگے آئی
ہندوستان کی حزب اختلاف کی سب سے بڑی پارٹی کانگریس نے بھی "فلسطینی کاز" کے لئے اپنی دیرینہ حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق آج، پیرکو، دہلی میں کانگریس پارٹی کی مجلس عاملہ کی میٹنگ ہوئی جس میں ایک قرارداد منظور کی گئی۔ ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق "اس میٹنگ میں فلسطین اسرائیل تنازعہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور جنگ بندی پر زور دیا۔"
کانگریس پارٹی نے فلسطینی کاز کے لئے اپنی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "کانگریس 'فلسطینی کاز' کی حمایت کرتی ہے۔ آج کی کانگریس پارٹی کی مجلس عاملہ یا ورکنگ کمیٹی (CWC) کی میٹنگ میں پاس ہونے والی قرارداد میں فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کی بھی تصدیق کی گئی۔
کانگریس کی قراداد میں کہا گیا ہے کہ "مجلس عاملہ مشرق وسطی میں شروع ہونے والی جنگ پر اپنی مایوسی اور غم کا اظہار کرتی ہے جہاں پچھلے دو دن میں ایک ہزار سے زیادہ لوگ مارے گئے ہیں۔ مجلس عاملہ فلسطینی عوام کے زمینی حقوق کے لئے اپنی دیرینہ حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔"
واضح رہے کہ مظلوم فلسطینیوں کے خلاف غاصب اسرائیلی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کے خلاف اسلامی مزاحمتی تحریک نے ہفتے کے روز سے بڑے پیمانے پر حملے شروع کئے اور پہلے ہی دن 5000 سے 7000 راکٹ غزہ سے مقبوضہ علاقوں میں داغے اور سینکڑوں صیہونیوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔ اس کے بعد غاصب اسرائیلی حکومت کی جارح فوج نے بھی غزہ پر جارحانہ حملے کئے ہیں جن میں 400 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور شہید ہونے والوں میں 91 بچے شامل ہیں جبکہ 2271 سے زیادہ فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ جھڑپوں کا یہ سلسلہ پیر کو تیسرے دن بھی جاری رہا۔