Dec ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۶:۳۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان: امریکہ کا انکار، فرانس کا اقرار

ہندوستان کے آئندہ ماہ منقعد ہونے والی یوم جمہوریہ کی تقریب میں امریکہ کے انکار کے بعد اب فرانس نے تقریب میں شرکت کا اقرار کرلیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: دہلی سے میڈیا رپورٹوں کے مطابق 26 جنوری 2024 کو منعقد ہونے والی یوم جمہوریہ کی تقریب میں فرانس کے صدر امانوئل میکرون مہمان خصوصی ہوں گے۔ فرانس کے صدر کو خود ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے دعوت نامہ بھیجا تھا اور فون پر بھی بات کی تھی۔ اطلاعات کے مطابق امانوئل میکرون نے دعوت نامہ قبول کرلیا ہے۔ فرانس کے سرکاری ذرائع نے بھی اس خبر کی تصدیق کردی ہے۔

ہندوستان نے اس سے پہلے یوم جمہوریہ کی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کے لئے امریکہ کے صدر جو بائیڈن کو دعوت دی تھی لیکن انہوں نے دعوت نامہ قبول نہیں کیا تھا۔ اس کے بعد فرانس کے صدر کو مدعو کیا گیا ہے۔

اس سے پہلے 46 سال کے دوران فرانس کے 5 صدور ہندوستان کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرچکے ہیں۔ اب امانوئل میکرون 2024 میں منعقد ہونے والی یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب میں شرکت کرنے والے فرانس کے چھٹے صدر ہوں گے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے رواں سال جولائی میں فرانس کا دورہ کیا تھا اور پیرس میں منعقدہ بیسٹل ڈے پریڈ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی تھی۔ اس تقریب میں ہندوستانی فوجی دستے نے بھی شرکت کی تھی اور "سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا" کی دھن پر مارچ پاسٹ کیا تھا۔ اس دوران فرانس اور ہندوستان نے مل کر دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک تعاون کی 25 ویں سالگرہ بھی منائی تھی۔

ٹیگس