Feb ۲۲, ۲۰۲۴ ۱۸:۰۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: کسان تحریک کے دوران  وزیر اعظم نریندر مودی کی پہلی بار لب کشائی

ہندوستان میں کسانوں کی تحریک جاری ہے اور اس درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت ملک کے کسان بھائی بہنوں کی فلاح و بہبود کے لئے پرعزم ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے 13 فروری سے جاری کسانوں کی تحریک کے دوران پہلی بار لب کشائی کردی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت پورے ملک کے کسان بھائی بہنوں کی فلاح و بہبود کے لئے پرعزم ہے، اسی بات کے پیش نظر گنے کی خریداری قیمت میں تاریخی اضافے کو منظوری دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قدم سے ہمارے کروڑوں گنا پیدا کرنے والے کسانوں کو فائدہ ہوگا۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کی میٹنگ میں شکر کے سیزن 2024-25 کے لیے گنے کی ایف آر پی (مناسب اور فائدہ مند قیمت) کو بڑھا کر 340 روپے فی کوئنٹل کر دیا گیا ہے۔ یہ موجودہ سیزن 2023-24 سے 8 فی صد زیادہ ہے۔

ہندوستان کی مرکزی حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس سے گنے کے 5 کروڑ سے زیادہ کسانوں اور ان کے خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا۔

 

ٹیگس