ہندوستان: مبینہ دہلی شراب اسکینڈل، کیجریوال کل اہم انکشاف کریں گے
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کل 28 مارچ کو مبینہ دہلی شراب اسکینڈل کے بارے میں اہم انکشاف کریں گے۔ یہ بات کیجریوال کی اہلیہ سنیتا نے بتائی ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا ذرائع کے مطابق دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی اہلیہ سنیتا نے آج بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے ایک سنسنی خیز اعلان کیا کہ اروند کیجریوال کل 28 مارچ کو مبینہ دہلی شراب اسکینڈل کے بارے میں اہم انکشاف کریں گے۔
سنیتا کیجریوال کے مطابق "وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میرا جسم جیل میں ہے لیکن میری روح آپ لوگوں کے ساتھ ہے۔ آپ لوگ آنکھیں بند کر کے محسوس کریں۔"
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف دہلی کی اسمبلی سے لے کر سڑکوں تک پر جاری احتجاج کے دوران اہلیہ سنیتا کیجریوال نے آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے بڑا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دہلی شراب گھوٹالے پر اروند کیجریوال 28 مارچ کو بڑا انکشاف کریں گے۔
وزیر اعلیٰ کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال نے پریس کانفرنس میں کہا کہ "وزیر اعلیٰ کو آپ سب کی فکر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اروند جی نے مجھے ایک اور بات بتائی کہ اس مبینہ شراب اسکینڈل میں دو سال میں کئی جگہوں پر چھاپے مارے گئے لیکن ایک پیسہ بھی نہیں ملا۔ انہوں نے سسودیا جی کے یہاں اور سنجے جی کے یہاں چھاپہ مارا، ہمارے یہاں بھی چھاپہ مارا لیکن انہیں ایک پیسہ بھی نہیں ملا ہے۔"
واضح رہے کہ دہلی کے مبینہ شراب اسکینڈل میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو ہندوستان کی مالی تفتیشی ایجنسی، ای ڈی نے 21 مارچ کو گرفتار کیا تھا اور پھر عدالت نے انہیں 28 مارچ تک ای ڈی کی حراست میں بھیج دیا تھا۔