Aug ۰۶, ۲۰۲۴ ۱۵:۱۸ Asia/Tehran
  • بنگلادیش کے بحران میں بیرونی ہاتھ ملوث ؟

ہندوستان کی مرکزی حکومت نے آج کل جماعتی میٹنگ طلب کر کے بنگلادیش کے سیاسی بحران پر تبادلہ خیال کیا اور قومی اتفاق رائے قائم کرنے کی کوشش کی۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق اس ملک کی پارلیمنٹ میں ہونے والی کل جماعتی میٹنگ میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بتایا کہ حکومت ، بنگلہ دیشی فوج کے ساتھ رابطے میں ہے اور صورت حال مسلسل بدل رہی ہے۔

ہندوستانی وزیرخارجہ نے کل جماعتی میٹنگ میں کہا کہ مستقبل کی صورت حال سے آگاہ کیا جائے گا ۔

میٹنگ میں مرکزی حکومت کی طرف کہا گیا ہے کہ بنگلادیش سے آٹھ ہزار ہندوستانی طلبہ اپنے ملک واپس آچکے ہیں - حکومت کا کہنا ہے کہ بنگلادیش میں کل تیرہ ہزار ہندوستانی ہیں تاہم حالات اتنے خراب نہيں کہ ہمیں اپنے شہریوں کو وہاں سے باہر نکالنا پڑے ۔

رپورٹ کے مطابق کل جماعتی میٹنگ میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے بنگلادیش کے بحران میں بیرونی ہاتھ ہونے کے بارے میں سوال کیا تو اس کے جواب میں کہا گیا کہ بیرونی قوتوں کے ملوث ہونے کے بارے میں بات کرنا قبل از وقت ہے۔

واضح رہے کہ ہندوستانی پارلیمنٹ میں کل جماعتی میٹنگ کی صدارت وزیراعظم مودی نے کی جبکہ اپوزیشن رہنماؤں سمیت وزیرخارجہ ، وزیرداخلہ اور وزیردفاع بھی میٹنگ میں رہے۔

ٹیگس