Dec ۰۴, ۲۰۲۴ ۱۴:۴۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان: راہل گاندھی کو سنبھل جانے سے زبردستی روک دیا گیا؟

ہندوستان میں کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے کہا ہے کہ حکومت نے انھیں سنبھل جانے سے زبردستی روکا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے میڈیا ذرائع کے مطابق کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وہ اترپردیش کے سنبھل شہر جانا چاہتے ہیں اور متاثرین کے اہل خانہ سے مل کر تعزیت کا اظہار کرنا چاہتے ہیں، لیکن انہیں تنہا بھی جانے نہیں دیا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق راہل گاندھی نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے طور پر یہ ان کا آئینی حق ہے لیکن حکومت ان کے آئینی حق کو بھی نظر انداز کر رہی ہے اور انہیں جانے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ آئین کے تحفظ کے لیے لڑتے رہیں گے۔

دوسری جانب انتظامیہ نے کہا ہے کہ راہل گاندھی کے سنبھل جانے سے حالات مزید بگڑ سکتے ہیں اس لئے امن کے تحفظ کی خاطر انھیں سنبھل جانے سے روکا گيا ہے۔

واضح رہے کہ سنبھل کی مسجد کا دوبارہ سروے کرنے کا نچلی عدالت کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد سے سنبھل میں حالات کشیدہ بنے ہوئے ہیں جبکہ اس علاقے میں فساد بھڑک اٹھنے کے نتیجے میں کئی افراد جاں بحق ہوگئے تھے، کہا جاتا ہے کہ ان افراد کو پولیس اہلکاروں نے براہ راست فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا۔

ٹیگس