ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر دہشت گردانہ حملے کے خلاف وادی بھر میں ہڑتال
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کےعلاقے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے خلاف عام ہڑتال سے وادی کشمیر میں معمول کی زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق پہلگام دہشت گردانہ حملے کے خلاف آج وادی کشمیر میں، متحدہ مجلس علماء، تاجر تنظیموں، مذہبی انجمنوں اور سیاسی جماعتوں کی اپیل پر مکمل ہڑتال ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پہیہ جام ہڑتال سے وادی میں معمول کی زندگی مفلوج ہوگئی ۔ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے خلاف گزشتہ رات سری نگر، اننت ناگ، پلوامہ، شوپیان، بارہ مولا اور بانڈی پورہ سمیت وادی کے مختلف علاقوں میں عوام نے کینڈل مارچ نکالا اور ہاتھوں میں شمعیں لے کر سڑکوں پر مارچ کیا۔ پہلگام حملے کے بعد ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اپنا سعودی عرب کا دورہ نامکمل چھوڑ کر وطن واپس آگئے۔ اسی کے ساتھ اس حملے کی ہندوستان کی سبھی سیاسی جماعتوں اور حلقوں نے پرزور مذمت کی ہے۔ یاد رہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں نا معلوم دہشست گردوں کی فائرنگ میں اٹھائیس سیاح مارے گئے اور متعدد زخمی ہوگئے۔اس حملے میں مرنے والوں میں دو غیر ملکی سیاح اور دو مقامی باشندے بھی شامل ہیں۔ غیر ملکیوں میں ایک کا تعلق متحدہ عرب امارات سے اور ایک کا نیپال سے بتایا گیا ہے۔