ہندوستان کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوے کی تردید کی
May ۱۳, ۲۰۲۵ ۰۸:۳۱ Asia/Tehran
ہندوستان نے امریکی صدر کا یہ دعوی مسترد کر دیا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان ان کی دھمکی کے بعد جنگ بندی پر راضی ہوئے تھے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے کہ جب انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تجارت روکنے کی دھمکی دی تھی تو دونوں ممالک فوجی کارروائی روکنے پر راضی ہوگئے تھے۔ ہندوستانی ذرائع نے امریکی صدر کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن سندور کے آغاز کے بعد امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے 9 مئی کو وزیر اعظم نریندر مودی سے بات کی۔ اس کے علاوہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے 8 اور 10 مئی کو وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر اور 10 مئی کو قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال سے بات کی۔

ذرائع نے بتایا کہ تینوں بات چیت میں سے کسی میں بھی تجارت کا کوئی حوالہ نہیں تھا۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک۔ہند تنازع پر دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایٹمی جنگ روک دی ہے اور اس کے لیے انہوں نے دونوں ممالک کو تجارت بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔