ہماری لڑائی کسی ایک کے لئے نہیں ہے بلکہ ہر اس آواز کے لئے ہے جو ناانصافی کے سامنے جھکنے سے انکار کرتی ہے: راہل گاندھی
کانگریس کے رہنما اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اختلاف راہل گاندھی نے جمعہ کے روز ماب لنچنگ کے دوران مارے گئے دلت ہری اوم والمیکی کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ملاقات کے بعد سخت بیان جاری کیا۔
ہندوستان کی پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے ماب لنچنگ کے دوران مارے گئے دلت ہری اوم والمیکی کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد کہا کہ متاثرہ خاندان کی آنکھوں میں درد کے ساتھ ایک سوال تھا- کیا اس ملک میں دلت ہونا اب بھی جان لیوا گناہ ہے؟ نیز یہ لڑائی صرف ہری اوم کے لیے نہیں بلکہ ہر اس آواز کے لیے ہے جو ناانصافی کے سامنے جھکنے سے انکار کرتی ہے۔

راہل گاندھی نے ایکس پر لکھا، ’’ہری اوم والمیکی کے بے رحمانہ قتل نے پورے ملک کی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ ان کے اہل خانہ کی آنکھوں میں درد کے ساتھ ایک سوال تھا: کیا اس ملک میں دلت ہونا اب بھی جان لیوا جرم ہے؟ اتر پردیش میں انتظامیہ متاثرہ خاندان کو خوفزدہ کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے خاندان کو مجھ سے ملنے سے روکنے کی کوشش بھی کی۔ یہ بالکل وہی ناکامی ہے جس میں ہر بار مجرموں کی پشت پناہی کرتے ہوئے متاثرہ کو ہی مقدمے میں کھڑا کر دیا جاتا ہے۔‘‘