ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک تھانے میں زوردار دھماکہ، 9 افراد ہلاک
سری نگر کے نوگام تھانے میں زوردار دھماکہ ہونے اور کم سے کم 9 افراد کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے نوگام تھانے میں جمعہ کی رات دیر گئے ایک زوردار دھماکہ ہوا جس میں کم سے کم 9 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق یہ دھماکہ مبینہ طور پر دہلی میں لال قلعہ کے قریب ہونے والے کار بم دھماکے میں ہریانہ کے علاقے فریدآباد سے ضبط کئے گئے دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے سے ہوا ہے۔
ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے پولیس حکام کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ جائے وقوعہ سے چھ لاشیں نکالی گئی ہیں اور مرنے والوں کی شناخت ہونی ابھی باقی ہے۔ حکام نے بتایا کہ زخمی ہونے والے کم از کم 24 پولیس اہلکاروں اور تین شہریوں کو سری نگر کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق زوردار دھماکے کے بعد یکے بعد دیگرے کئی چھوٹے چھوٹے دھماکے بھی ہوئے ہیں جس سے بم ناکارہ بنانے والی ٹیم کے کام میں خلل پڑا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جیسے ہی دھماکہ ہوا، تھانے کی عمارت اور گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ فائر بریگیڈ اور ایمبولینسوں کے ساتھ پولیس کے اعلیٰ حکام اور سیکورٹی فورسز کے وہاں پہنچنے کے کچھ دیر بعد امدادی کام شروع ہوا۔
حکام نے بتایا کہ دھماکے سے پولیس اسٹیشن کے اندر کافی نقصان ہوا اور قریبی مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس سے سری نگر کا وسیع علاقہ لرز گیا اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ایک سینیئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ "دھماکہ اس وقت ہوا جب فارینسک سائنس لیبارٹری کی ٹیم، پولیس اہلکار اور مقامی نائب تحصیلدار تھانے کے اندر ضبط کئے گئے مواد کی جانچ کر رہے تھے۔"