ہندوستان میں نئی "بابری مسجد" کی تعمیر کا اعلان، سنگ بنیاد 6 دسمبر کو
ہندوستان کی مغربی بنگال ریاست میں ترنمول کانگریس، ٹی ایم سی، کے ایم ایل اے ہمایوں کبیر نے کہا ہے کہ "بابری مسجد" کا سنگ بنیاد 6 دسمبر 2025 کو ضلع مرشد آباد میں رکھا جائے گا۔
سحرنیوز/ہندوستان: کولکاتا سے میڈیا رپورٹوں کے مطابق مغربی بنگال کی ریاستی اسمبلی کے ٹی ایم سی رکن ہمایوں کبیر نے کہا کہ "ہم 6 دسمبر کو ضلع مرشد آباد کے علاقے بیلڈنگا میں بابری مسجد کا سنگ بنیاد رکھیں گے، اسے مکمل ہونے میں تین سال لگیں گے۔ بہت سے مسلم رہنما اس تقریب میں شرکت کریں گے۔"
ادھر ضلع مرشد آباد میں نئی بابری مسجد کی تعمیر کے ہمایوں کبیر کے اعلان پر بی جے پی اور کانگریس پارٹیوں نے سخت تنقید کی ہے۔
مغربی بنگال بی جے پی سکریٹری پرینکا تبریوال نے کہا ہے کہ یہ خوشامد کی سیاست کے سوا کچھ نہیں ہے۔
اترپردیش کانگریس کے سابق صدر اجے کمار للو نے بھی کبیر پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ "ہم بالکل واضح ہیں۔ ہم روزگار، تعلیم، صحت، سیکورٹی، خواتین، کسانوں، مزدوروں اور برابری کی بات کرتے ہیں اور سب کو ساتھ لے کر چلتے ہیں۔
واضح رہے کہ ریاست اترپردیش کے ایودھیا علاقے میں ہندو انتہا پسندوں نے تاریخی بابری مسجد کو 6 دسمبر 1992 کو منہدم کر دیا تھا، جس کے بعد ہندوستان کے مختلف حصوں میں فرقہ وارانہ فسادات بھڑک اٹھے تھے۔ ان فسادات میں ہزاروں افراد مارے گئے تھے، مرنے والوں میں زیادہ تعداد مسلمانوں کی تھی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok