Aug ۲۱, ۲۰۲۲ ۰۸:۳۲ Asia/Tehran
  • ہندوستانی وزیر کا دورۂ چابہار، توسیعی منصوبوں کا جائزہ لیا

ایران کے دورے پر آئے ہندوستان کے شیپنگ اینڈ پورٹ امور کے وزیر سربانند سونووال نے چابہار بندرگاہ کا دورہ کیا۔

ذرائع کے مطابق ہندوستان کے شیپنگ اور پورٹ امور کے وزیر سربانند سونووال گزشتہ روز ایران کے ساحلی شہر چابہار پہنچے جہاں اُنہوں نے شہید رجائی بندرگاہ کا بھی دورہ اور وہاں جاری توسیعی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ہندوستانی وزیر نے چابہار بندرگاہ پر کام کر رہے ہندوستانی کارکنوں کو چھے کرین بھی دیں۔

ہندوستان کے وزیر برائے شیپنگ اینڈ پورٹ نے ساتھ ہی ایران کے بعض اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات اور گفتگو کی جس میں دونوں ممالک کی بندرگاہوں کے مابین تعاون کے طریقوں اور اسکی سطح بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سربانند سونووال نے چابہار بندرگاہ کی اسٹریٹیجک اہمیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس بندرگاہ کے ذریعے وقت اور خرچ میں بچت جبکہ مسافت کو کم کیا جا سکتا ہے جس کے پیش نظر ہندوستان ہمیشہ علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے مقصد سے شمال جنوب تجارتی کوریڈور قائم کرنے کے درپے رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ دوہزار پندرہ میں چابہار بندرگاہ کی توسیع اور ہندوستان کو افغانستان سے جوڑنے والی ریلوے لائن منصوبے میں سرمایہ کاری کے سلسلے میں نئی دہلی نے اپنی آمادگی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد دو ہزار سولہ میں ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے دورۂ تہران کے دوران چابہار بندرگاہ میں پانچ سو میلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کے ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے۔

اس سے قبل ہندوستان کے وزیر خارجہ جے شنکر نے مرکزی ایشیا کے ممالک کے مابین ایک محفوظ اور رکاوٹوں سے دور تجارت کو فروغ دینے کے مقصد سے چابہار بندرگاہ کو شمال جنوب کوریڈور میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

ٹیگس