ایران ہندوستان علاقائی سلامتی کا تحفظ کرسکتے ہیں: ایڈمرل سیاری
ایرانی فوج کے چیف کوآرڈی نیٹر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے کہا ہے کہ ایران اور ہندوستان مل کر خطے کی سلامتی کا تحفظ کرسکتے ہیں۔
ہندوستان کی نینشل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے ایڈمرل حبیب اللہ سیاری کا کہنا تھا کہ ایران اور ہندوستان سمیت خطے کے ممالک مل کر علاقائی سلامتی کا تحفظ کر سکتے ہیں لہذا علاقے میں بیرونی قوتوں کی موجودگی کی کوئی ضرورت نہیں۔
ایڈمرل سیاری نے کہا کہ ایران اور ہندوستان بحری قزاقی اور اسمگلنگ کے تدارک نیز بیرونی طاقتوں کے اثرورسوخ کے مقابلے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور ہندوستان بحرہند کے وسیع سمندروں میں مشترکہ مفادات کے حامل ہیں لہذا دونوں ممالک کو اس میدان میں ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعاون کرنا چاہیے۔
ایرانی فوج کے چیف کوآرڈی نیٹر نے مشترکہ فضائی اور سمندری مشقوں کے انعقاد، افسران اور کیڈٹوں کے تبادلے سمیت عسکری اور دفاعی میدانوں میں دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ہندوستانی فوج وفد کے سربراہ نے اس موقع پر کہا کہ ان کے عوام اسلامی جمہوریہ ایران کے بارے میں مثبت سوچ رکھتے ہیں۔