Sep ۰۱, ۲۰۲۲ ۰۹:۵۹ Asia/Tehran
  • سیلاب متاثرین کے لئے ایرانی امداد کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے ایران کی جانب سےانسان دوستانہ امداد کی پہلی کھیپ پاکستانی حکام کے حوالے کر دی گئی۔

پاکستان میں آیا ہولناک سیلاب اب تک ساڑھے گیارہ سو افراد کی جانیں لے چکا ہے جبکہ ہزاروں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سوا تین کروڑ سے زائد پاکستانی شہری سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں جبکہ لاکھوں مکان زمیں بوس ہو گئے۔

ارنا نیوز کے مطابق ایران نے انسان دوستانہ امداد کی اپنی پہلی کھیپ زمینی راستے سے پاکستان پہنچائی اور ریمدان گبد سرحدی گزرگاہ پر پاکستانی ریڈ کریسنٹ کے عہدے داروں کے حوالے کر دی۔ یہ امدادی کھیب بلوچستان کے عوام کے لئے ارسال کی گئی ہے جہاں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔

اس موقع پر ایرانی وفد نے ایرانی حکومت و عوام کی جانب سے ایک تعزیتی پیغام بھی پاکستانی عہدے داروں کے حوالے کیا۔ پاکستانی ریڈ کریسنٹ کے سیکریٹری جنرل ایوب خان نے بتایا کہ ایران کی ارسال کردہ اس کھیپ میں ٹینٹ، کمبل اور دیگر لازمی وسائل و اسباب موجود ہیں جنہیں صوبے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں متاثرین کے درمیان تقسیم کیا جائے گا۔

گزشتہ ہفتے کے روز وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے صدر ایران سید ابراہیم رئیسی سے ٹیلیفون پر گفتگو میں اپنے ملک کی سیلابی صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔ اس موقع پر صدر ایران نے سیلاب متاثرین کے لئے ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی تھی جس پر وزیر اعظم پاکستان نے ایران کے دیرینہ ہمدردانہ رویے کی قدردانی کی تھی۔

 

ٹیگس