Dec ۰۹, ۲۰۲۲ ۱۰:۱۰ Asia/Tehran
  • امریکہ اور یورپ روس یوکرین جنگ کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں: ایران

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے فن لینڈ کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور یورپ کی طرف سے یوکرین کو بے حد و حساب اسلحہ کی فراہمی نے حالات کو بہت پیچیدہ بنا دیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے فن لینڈ کے اپنے ہم منصب پیکا ہاؤیستو سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں ایٹمی مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت، افغان مہاجرین، تارکین وطن اور دوسرے دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی وزیرخارجہ نے فن لینڈ کے وزیرخارجہ کے گزشتہ سال ہونے والے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اچھی پیشرفت جاری ہے۔

حسین امیر عبداللہیان نے یوکرین جنگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران یوکرین جنگ جاری رہنے کا مخالف ہے اور امریکہ اور یورپ کی طرف سے یوکرین کو اسلحہ کی لامحدود سپلائی نے حالات کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ انہوں نے ایران پر لگائی جانے پابندیوں کے خاتمے اور ایٹمی مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے بھی اپنے فن لینڈ کے ہم منصب کو آگاہ کیا۔

فن لینڈ کے وزیرخارجہ پیکا ہاویستو نے ایٹمی معاہدے کے دوبارہ احیاء پر زور دیا۔ انہوں نے افغان مہاجرین کی ایران میں موجودگی اور ایران کے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ افغان مہاجرین اور پناہ گزینوں کی مدد کے حوالے سے ایران کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہے۔

یوکرین جنگ میں ایران کی طرف سے روس کو اسلحہ کی فراہمی کے الزامات کا ذکر کرتے ہوئے حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ امریکا اور یورپی ممالک کی طرف سے یوکرین کو اسلحہ فراہمی کے باوجود ایران نے روس کو یوکرین جنگ میں استعمال کے لئے ہتھیار فراہم نہیں کئے کیونکہ ایران سمجھتا ہے کہ یہ بحران سیاسی طریقے سے حل ہو سکتا ہے اور اسلحہ کی فراہمی امن کے قیام میں تاخیر کا باعث بنے گی۔

یاد رہے کہ ایران و فن لینڈ کے درمیان سفارتی تعلقات کو 90 سال ہو گئے ہیں، اس حوالے سے دونوں ممالک کے وزراء خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ٹیگس