ذرہ برابر غلطی ہوئی تو صیہونی حکومت کی نابودی یقینی ہے: ترجمان سپاہ
ذرہ برابر بھی اگر صیہونی حکومت کی جانب سے کوئی خطا ہوئی تو ہم اُسے نابود کر دیں گے، یہ بات ایران کی سپاہ پاسداران فورس کے ترجمان جنرل رمضان شریف نے کہی۔
سحر نیوز/ایران: جنرل شریف نے یوم بصیرت کی مناسبت سے ایران کے شہر قزوین میں ہوئے ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارا کینہ پرور دشمن ملک کو مختلف حصوں میں تقسیم کرنے کا خواب دیکھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا حالیہ مہینوں میں ایران میں فتنے اور بلوے کی آگ بھڑکانے والے وہی ممالک اور دہشتگرد گروہ ہیں جنہوں نے اس سے قبل چودہ سال پہلے فتنے کی آگ کو بھڑکایا اور تینتالیس سال قبل ایران کے خلاف آتشِ جنگ کو روشن کیا۔
سپاہ پاسداران کے ترجمان نے مزید کہا کہ آج مسلمان قائد انقلاب اسلامی جیسے رہبر کے ہونے پر فخر کا احساس کرتے ہیں اور دنیا کے سبھی حریت پسند شہید قاسم سلیمانی جیسے کمانڈر پر فخر کرتے ہیں اور یہ سب اسلامی انقلاب اور اسکے بانی امام خمینی (رح) کی برکتیں ہیں۔
جنرل رمضان شریف کا مزید کہنا تھا کہ ہم گزشتہ 44 برسوں سے امریکی مجرموں، صیہونی لٹیروں اور علاقے میں انکی دودھیا گائے کی سازشوں کا مقابلہ کر رہے ہیں، اس وقت انکی صورتحال روز بروز بگڑ رہی ہے جبکہ اسلامی انقلاب روز بروز بالیدہ ہو رہا ہے اور یہ ایک میدانی حقیقت ہے اور نوبت یہ آگئی ہے کہ اب وہ ہم سے التماس کرتے ہیں کہ علاقے میں بقول انکے اپنے توسیعی منصوبوں سے ہم دست بردار ہو جائیں۔
انہوں نے ایران کی دفاعی طاقت اور مسلح افواج کی مکمل آمادگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دشمن ایران کے خلاف فوجی آپشن کے استعمال سے مایوس ہو چکا ہے اور اگر بالفرض ایسا ہوتا بھی ہے تو اس کا فوری اور قہری نتیجہ غاصب صیہونی حکومت کی نابودی کی صورت میں ظاہر ہوگا۔