Jul ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۳:۵۰ Asia/Tehran
  • یورپ اسلامو فوبیا سے سنجیدہ اور مؤثر مقابلہ کرے: ایران

ایران کے وزیر خارجہ اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے تازہ ترین بین الاقوامی اور علاقائی صورتحال اور یورپ اور ایران کے باہمی تعلقات پر ٹیلیفونک گفتگو میں تبادلۂ خیال کیا ہے۔

سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بورل کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں مشترکہ مفاہمت کے حصول کے لیے ایران اور یورپ کے درمیان مذاکراتی عمل کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے یورپی فریقوں کے ساتھ ایران کے حالیہ مذاکرات کو واضح اور تعمیری بتایا۔

فریقین نے تازہ ترین بین الاقوامی اور علاقائی پیش رفت اور یورپ اور ایران کے تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا۔

حسین امیرعبداللہیان نے یورپ کی جانب سے ہر قسم کے اسلاموفوبیا کے ساتھ مؤثر اور سنجیدہ مقابلے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سویڈن میں اسلامی مقدسات اور قرآن کریم کی توہین کے اقدام جس سے دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے، کی شدید مذمت کی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے یوکرین کے بحران کے حوالے سے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ یوکرین سمیت دنیا میں امن و استحکام کا حامی رہا ہے اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جنگ کا خاتمہ صرف سیاسی اقدامات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

حسین امیر عبداللہیان نے دہشت گرد گروہ منافقین کی دہشت گردانہ کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ البانیہ کی حکومت کی جانب سے ان دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے حالیہ کارروائی اگرچہ دیر سے انجام پائی مگر یہ یورپی ممالک کے لیے ایک تجربہ ہے۔

اس ٹیلی فونی گفتگو میں یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بورل نے اسلامی جمہوریہ ایران اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے درمیان جاری تعاون اور مذاکرات کا خیر مقدم کیا اور اس کے تسلسل کو مفید اور مثبت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی توہین کرنا یورپی یونین کا موقف نہیں ہے اور مذاہب کے خلاف کسی بھی قسم کی توہین اور اقدام یورپی یونین کی جانب سے قابل مذمت ہے۔

اس گفتگو میں فریقین نے جوہری معاہدے اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے مثبت تعاون پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

ٹیگس