Jul ۲۳, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۹ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان نے قرآن پاک کی بےحرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کی

ایران اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے قرآن پاک کی بےحرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللهیان اور پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں سوئیڈن اور ڈنمارک میں قرآن پاک کی بےحرمتی کی مذمت کرتے ہوئے اس گھناؤنے فعل کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے دنیا بھر کے دو ارب مسلمانوں کے احساسات و جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
اس موقع پر ایران کے وزیر خارجہ نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل سے اپنی حالیہ گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس گفتگو میں اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس کے حوالے سے بات ہوئی اور اسلامی ممالک کی جانب سے یورپی ممالک کو قرآن مجید کی توہین پر سخت پیغام ارسال کرنے پر تاکید کی گئی۔
اس ٹیلی فونی گفتگو میں پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایران کے وزیر خارجہ کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنے اور اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر اس قسم کے اقدامات کی روک تھام کے لئے باہمی طور پر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ایسے واقعات مذہبی عدم برداشت، نفرت اور اشتعال انگیزی کو ہوا دیتے ہیں اور اس قسم کے واقعات کو کسی بھی بہانے سے جائز قرار نہیں دیا جاسکتا۔
ایران اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے دو طرفہ دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ٹیگس