Aug ۰۷, ۲۰۲۳ ۱۰:۱۴ Asia/Tehran
  • امریکہ اور مغرب، ایران کے خلاف بے بنیاد الزام تراشیاں بند کریں: ایران

ایران کے وزیر خارجہ نے ایک بار پھر واضح طور پر کہا ہے کہ یوکرین کی جنگ کے لیے ایران نے کسی بھی فریق کو ڈرون نہیں دیئے۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے آج صبح ٹوکیو میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر اس قسم کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین کی جنگ کے لیے ایران نے کسی بھی فریق کو ڈرون نہیں دیئے۔
حسین امیر عبداللہیان نے زور دے کر کہا کہ ہم یوکرین کی جنگ میں کسی بھی فریق کو مسلح کرنے کے خلاف ہیں۔ ہم یوکرین میں بڑے پیمانے پر امریکی اور مغربی ہتھیاروں کے بھیجے جانے کو یوکرین میں مزید عدم تحفظ اور عدم استحکام اور اس ملک میں مزید ہلاکتوں اور تباہی کا سبب سمجھتے ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے تاکید کی کہ امریکہ اور مغرب ایران کے خلاف بے بنیاد الزام تراشیاں بند کریں۔ میں سمجھتا ہوں کہ یوکرین کے تنازع کے حوالے سے تہران اور ٹوکیو کا مشترکہ موقف جنگ کو روکنا اور امن پر توجہ دینا ہے۔
حسین امیرعبداللہیان نے کہا کہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کی حکومت کی ترجیحات میں ایشیا سر فہرست ہے اور اس سلسلے میں جاپان کے ساتھ تعلقات کو خاص اہمیت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاپان کے لئے ایک اہم سفارتکار کی ایران کے نئے سفیر کے عنوان سے تعیناتی دونوں ملکوں کے مابین مضبوط تعلقات کے دائرے میں ہوئی ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے عارضی سمجھوتہ ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ یورپی یونین اور جوزپ بورل کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات اور گفتگو میں تمام فریقوں نے ایٹمی معاہدے میں تمام فریقوں کی جانب سے اپنے وعدوں پر عمل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیدیوں کے تبادلے کا مسئلہ ایک انسانی مسئلہ ہے اور ہم نے گزشتہ سال سے امریکی وفود سے  بالواسطہ (indirect) مذاکرات اور گفتگو کئے۔

ٹیگس