غزہ کی صورتحال پر ایران اور قطر کے وزرائے خارجہ کی ٹیلیفونی گفتگو
ایران کے اور قطر کے وزرائے خارجہ نے جمعرات کی رات اپنی ٹیلیفونی گفتگو میں بحران غزہ اور فلسطین کی تازہ ترین صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمان آل ثانی نے ٹیلیفون پر ہونے والی گفتگو میں غزہ میں عام شہریوں کے قتل عام کی مذمت اور اس علاقے میں انسانی المیہ رونما ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسان دوستانہ امداد ارسال کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں اگر جنگ بند نہ کی گئی تو اس کا دائرہ پھیلنے کا خطرہ بڑھ جائے گا اور پھر صورت حال قابو سے باہر ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کی تحریک استقامت گذشتہ پینتیس دن سے صیہونی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے جبکہ صیہونی حکومت کی آئے دن کی جارحیت کے جواب میں فلسطین کی تحریک استقامت نے طوفان الاقصی آپریشن کر کے غاصب صیہونی حکومت کو ناکوں چنے چبوا دیئے ہیں اور صیہونی حکومت کی طاقت کا بھرم توڑتے ہوئے اس غاصب حکومت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔
حسین امیرعبداللہیان نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت فلسطین کی تحریک استقامت کے مقابلے میں اپنی شکست و ناتوانی کا بدلہ غزہ کے عوام سے لے رہی ہے اور عام شہریوں خاص طور سے عورتوں اور بچوں کا خون بہا رہی ہے۔