Dec ۰۵, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۲ Asia/Tehran
  • کیوبا کے صدر سے رہبر انقلاب اسلامی کی ملاقات، فلسطین کے تعلق سے کیوبا کے موقف کی قدردانی

رہبر انقلاب اسلامی نے غزہ اور فلسطین کے تعلق سے کیوبا کے موقف کی قدردانی کی ہے۔

سحرنیوز/ایران: رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے پیر کی شام کیوبا کے صدر میگل ڈیاز کینل اور ان کے ہمراہ آئے وفد سے ملاقات کی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں مسئلہ فلسطین کے بارے میں کہا کہ یہ مسئلہ صرف غزہ کے حالیہ واقعات اور بمباریوں تک محدود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے عوام پچھلے 75 سال سے مسلسل طرح طرح کی ایذا رسانیوں، مظالم اور قتل عام کا سامنا کر رہے ہیں لیکن اس وقت غزہ میں المیہ اتنا بڑا ہے کہ حقیقت عالمی رائے عامہ کے لیے عیاں ہوگئی اور اسے چھپانا ممکن نہیں ہے۔ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مسئلۂ فلسطین کے بارے میں کیوبا کے صدر کے موقف کو اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف جیسا قرار دیا اور اس حوالے سے ان کی قدردانی کی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ انقلابی صداقت، انقلابی استقامت اور انقلابی عزم، کیوبا کے انقلاب اور ایران کے اسلامی انقلاب کے مشترکہ پہلو ہیں۔
کیوبا کے صدر میگل ڈیاز کینل نے فلسطین اور غزہ کے حالات کے بارے میں کہا کہ جو کچھ آج غزہ میں ہو رہا ہے وہ ایک ناقابل قبول نسل کشی ہے اور عالمی اداروں نے غزہ کے دسیوں ہزار لوگوں کے قتل عام پر، جن میں سے دو تہائي بچے اور عورتیں ہیں، اپنی آنکھیں بند کر لی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعجب کی بات یہ ہے کہ جو لوگ یوکرین اور روس کی جنگ اور عام شہریوں کے قتل کی مسلسل شکایت کرتے تھے، انہوں نے اب غزہ میں دسیوں ہزار لوگوں کے قتل عام پر پوری طرح سے خاموشی اختیار کر لی ہے اور یہ چیز دنیا کی بری صورتحال کی عکاسی کرتی ہے۔

ٹیگس