ناصر کنعانی: امریکہ، صیہونی حکومت کے جرائم کو روکنے کے بجائے اس کا ساتھ دے رہا ہے
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں اور جنگی جرائم کا نیا دور، صیہونی حکومت کی جنگی کابینہ میں امریکی وزیر جنگ کی موجودگی میں شروع ہوا ہے۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پیر کو اپنی ہفتے وار پریس کانفرنس میں کہا کہ صیہونی حکومت نے اپنی شکست کا بدلہ لینے کےلئے 16 ہزار سے زیادہ عام شہریوں کا قتل عام کردیا جن میں 70 فیصد سے زیادہ عورتیں اور بچے ہیں اور امریکہ اس حکومت کو روکنے کے بجائے اس کا ساتھ دے رہا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم میں امریکہ براہ راست شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کے حملوں کا نیا دور ایسی حالت میں شروع ہوا کہ امریکی وزیر جنگ صیہونی حکومت کی جنگی کابینہ کے مرکز میں موجود تھے۔ ناصر کنعانی نے کہا کہ امریکہ نے فلسطینی عوام کے خلاف جرائم جاری رکھنے کےلئے صیہونی حکومت کو نئے اسلحے اور جنگی وسائل دیئے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکی وزیر جنگ نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے اسرائيل کی حمایت قابل مذاکرہ نہیں ہے اور اسرائیل کی سلامتی امریکا کی سلامتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے بھی ثابت کردیا ہے کہ اس کے اندر عالمی امن قائم کرنے کی توانائی نہیں ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ اگر صیہونی حکومت اور امریکہ کے جرائم اسی طرح جاری رہے اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی نہ کی گئی تو یہ پوری عالمی برادری کے لئے خطرناک ثابت ہوگا۔