Jan ۱۱, ۲۰۲۴ ۱۰:۵۶ Asia/Tehran
  • ایران اور روس کے وزرائے خارجہ کی ٹیلی فونی گفتگو، غزہ کے بارے میں تبادلہ خیال

اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے وزرائے خارجہ نے سلامتی کونسل میں یمن کے خلاف امریکی اقدامات کو، علاقے اور بحیرہ احمر میں وسیع فوجی موجودگی کا بہانہ قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے وزرائے خارجہ حسین امیر عبداللیہان اور سرگئی لاوروف نے ٹیلی فونی گفتگو میں علاقے کے حالات، جنگ غزہ کے تغیرات اور بحیرہ احمر کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں بحیرہ احمر کی سلامتی کے بہانے یمن کے خلاف قرار داد پاس کرنے کی امریکی کوشش پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بحیرہ احمر کی موجودہ صورتحال کا تعلق فلسطین کے سلسلے میں اسرائیلی حکومت اور امریکا کے رویئے سے ہے۔ انہوں نے ٹیلی فونی گفتگو میں غزہ پر حملے اور مظلوم فلسطینی عوام کا قتل عام روکے جانے کی ضرورت پر زوردیا۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی اس ٹیلی فونی گفتگو میں سانحہ کرمان پر ایران کی حکومت اور عوام کو تعزیت پیش کی اور یمن کے خلاف سلامتی کونسل میں امریکا کے اقدامات کو علاقے میں فوجی موجودگی بڑھانے کا بہانہ قرار دیا اور کہا کہ امریکیوں کو بحرانوں کے بنیادی علل و اسباب کا پتہ لگانے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ روس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم بھی ایران کی طرح علاقے میں امن و سکون، غزہ جںگ کا خاتمہ اور فلسطینی حکومت کی تشکیل چاہتے ہیں۔

ٹیگس